اہم ترین

انتخابات کی تاریخ، صدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابا ت کی تاریخ دینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے جو کہ انہیں موصول ہوگیا ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی طرف سے جاری کردہ نوٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر ، سکندر سلطان راجہ ، کو لکھے گئے خط میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے لیے چیف لیکشن کمشنر کو آج یا کل مُلاقات کی دعوت دی ہے۔

خط  کے متن کے مطابق صدر مملکت نے 9 اگست 2023 کو وزیر اعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا ،اور صدر مملکت آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تحلیل کی تاریخ کے نوے دن میں تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی مناسب تاریخ متعین کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو آج یا کل صدر کے ساتھ ملاقات کے لیے مدعو کیا جاتا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو صدر مملکت کا خط موصول ہوگیا ہے جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے کل اہم اجلاس طلب کرلیا۔ جس میں صدر مملکت کے خط کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان