اہم ترین

شاہ رخ کی فلم ‘ جوان’ کے ریلیز کے ساتھ ہی نئے ریکارڈ قائم

شاہ رخ خان کی فلم “جوان” کا بے صبری سے ہونے والا انتظار 7 ستمبر کو ختم ہوا اور اس نے اندرون اور بیرون ملک ریکارڈ توڑ افتتاحی ویک اینڈ کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔بات یہیں ختم نہیں ہوتی، فلم کا باکس آفس پر عروج جاری ہے اور ہفتے کو اس نے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ فلم ’جوان‘ کی تیسرے دن کمائی میں 45 فیصد کا حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا جو کہ فلمی ناقدین کے لیے بھی حیرت انگیز ہے۔

ایک نیوز ویب سائٹ کے مطابق، فلم جوان نے 67 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے اور یہ اب تک ہفتے کے دن حاصل ہونے والی سب سے بڑی آمدن ہے!

توقعات یہ تھیں کہ فلم اتوار کے دن اپنی سب سے بڑی آمدن حاصل کرے گی لیکن ہفتے کے دن اتنی بڑی آمدن نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

اس نے فلم پٹھان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس کے پہلے 3 دن کا بزنس 160 کروڑ روپے تھا جب کہ فلم جوان نے اپنی ریلیز کے پہلے تین دنوں میں 178 کروڑ روپے کما کر ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

اتوار کے دن فلم اور بھی زیادہ بزنس کر سکتی تھی لیکن اب ہندستان بمقابلہ پاکستان میچ کی وجہ سے فلم کی بکنگز میں کمی نظر آرہی ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والے کاروبار میں زبردست اضافے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ شائقین میچ کے لیے اتوار کو گھر پر ہی رہنا چاہتے ہیں۔

 تاہم، اب بھی توقع ہے کہ سنیما سے محبت کرنے والے اتوار کے بھی سینما گھروں کا رخ کریں گے اور فلم چوتھے روز بھی بڑا بزنس کرنے میں کامیاب رہے گی۔

تین دنوں میں 100 کروڑ کو عام طور پر ایک بڑی کامیابی سمجھا جاتا تھا، تاہم، ‘جوان’ نے تین دنوں میں 175 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرکے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔

جہاں تک دنیا بھر کے باکس آفس کا تعلق ہے، یہ پہلے ہی 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ اب اتوار کے بزنس سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ پیر سے شروع ہونے والے اگلے ہفتے میں فلم کس طرح چلتی ہے۔

پاکستان