اہم ترین

بھارت نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور کرلیا

پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں بھارت کی اننگز 356 رنز پر ختم ہوئی۔ ویرات کوہلی (122) اور کے ایل راہول (111) نے ایک مضبوط اوپننگ پارٹنرشپ کے بعد پاکستان کے باؤلرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ حاصل کر لیا۔

بھارتی بلے باز اتوار کے دن پاکستانی پیس بیٹری کو زیر کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ جب پاکستانی باؤلرز بھارت کے خلاف واپسی کی کوشش کر رہے تھے تو بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔ پچ کے معائنے اور گراؤنڈ اسٹاف کی سر توڑ کوششوں کے باوجود کھیل کو اگلے دن تک روک دیا گیا تھا۔

ویرات کوہلی کا ریکارڈ

ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف اپنی ایک اور شاندار ون ڈے اننگز کے دوران سچن ٹنڈولکر کا سالوں پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان کے خلاف کوہلی نے 13 ہزار ون ڈے رنز مکمل کیے، وہ ون ڈے میچوں میں اس تاریخی مقام تک پہنچنے والے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان سے پہلے اس سنگ میل تک پہنچنے والے کھلاڑیوں میں سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، سنتھ جے سوریا اور مہیلا جے وردھنے شامل ہیں۔

ٹنڈولکر نے 321 اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کیے تھے، جب کہ کوہلی صرف 267 اننگز میں اس مقام تک پہنچ کر اس سنگ میل کو عبور کرنے والے تیز ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

حارث رؤف کی انجری

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف ایشیا کپ 2023ء میں بھارت کے خلاف کولمبو میں جاری میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق حارث رؤف اب میچ کے دوران باؤلنگ نہیں کریں گے۔

پی سی بی نے ایک مختصر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ “انہوں نے کل میچ کے دوران اپنے دائیں حصے میں تھوڑی تکلیف محسوس کی۔ حارث رؤف احتیاطی تدابیر کے طور پر بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 میچ میں مزید بولنگ نہیں کریں گے۔”

بیان میں مزید کہا گیا کہ، “اس کے بعد انہیں احتیاطی طور پر ایک ایم آر آئی کے لیے بھی لے جایا گیا جس میں کسی نقصان کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ وہ ٹیم کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں ہیں۔”

پاکستان