اہم ترین

کائنات میں نیا سورج پیدا ہونے لگا، ناسا نے تصویر جاری کردی

امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے خلا میں بھیجی گئی جدید ترین دوربین جیمز ویب ہر گزرتے وقت کے ساتھ ہماری کائنات سے متعلق نت نئے اور حیران کن انکشافات کررہی ہے۔۔

جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کو 2021 میں خلا میں بھیجا گیا تھا جب کہ اس نے 2022 سے اپنا کام شروع کیا اور ناسا کو معلومات بھجوانا شروع کی۔ اب تک جیمز ویب کی مدد سے کئی کہکشاؤں اور بلیک ہولز کا پتہ لگایا جاچکا ہے۔

ناسا نے حال ہی میں جیمز ویب کی جانب سے بھجوائی گئی ایک تصویر جاری کی ہے جو سائنسدانوں کے مطابق ایک ایسے سورج کے تخلیق پانے کی ہے جو زمین سے کم از کم ایک ہزار نوری سال کی دوری پر ہے۔

ناسا کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اربوں سال پہلے جب ہمارے نظام شمسی کا سورج پیدا ہورہا تھا تو اس کی حالت کیسی تھی۔۔

تصویر جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ناسا کے سائنسدانوں نے وضاحت کی ہے تصویر میں جو نظر آرہا ہے وہ ایک نوزائیدہ ستارہ ہے جس کا قطب سپرسونک رفتار سے حرکت کر رہا ہے، اس کا وزن اس وقت ہمارے سورج کا صرف 8 فیصد ہے۔ یہ ستارا تخلیق مکمل ہونے پر بالکل ہمارے سورج جیسا نظر آئے گا۔

رواں برس مارچ میں دوربین نے ایک ایسے سورج کی تصویریں بھی بھجوائی تھیں جو کہ فنا ہورہا تھا۔ یہ سورج ہماری زمین سے 15 ہزار نوری سال دور تھا۔

پاکستان