اہم ترین

پاکستان کرکٹ ٹیم کا انتظار ختم، بھارت کا ویزا مل ہی گیا

بھارت سرکار نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے ویزے جاری کردیئے ہیں۔۔ جس کے بعد اب بھارت یاترا سے متعلق شکوک دم توڑ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی کے اجرا کے بعد بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کو ویزے جاری کردیئے ہیں۔ وزیروں کے اجرا کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عمر فاروق نے کردی ہے۔

ویزوں کے اجرا کے بعد اب بابر اعظم اینڈ کمپنی ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے اپنے مقررہ وقت کے مطابق بھارت پہنچے گی۔

بھارتی حکومت کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے رابطہ بھی کیا تھا۔

پاکستان کو پریکٹس میچ کے لئے 27 ستمبر کو حیدرآباد پہنچنے سے قبل دبئی میں دو روزہ ‘ٹیم بانڈنگ’ سیشن کا انعقاد کرنا تھا۔ تاہم ویزا کی غیر یقینی صورتحال کے باعث دبئی ایونٹ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان اپنے وارم اپ اور گروپ میچز حیدرآباد، کولکتہ، چنئی، بنگلورو اور احمد آباد میں کھیلے گی۔

قومی ٹیم کا اسکواڈ 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن 3 ریزرو کھلاڑیوں کے علاوہ سپورٹنگ اسٹاف کے ارکان سمیت بھارت جانے والا پاکستانی اسکواڈ 35 ارکان پر مشتمل ہے۔۔

اس کے علاوہ پی سی بی کے ارکان بھی بھارت جائیں گے جس کے لئے بھارتی حکومت ویزوں کے اجرا کی پابند ہے۔۔

پاکستان