اہم ترین

اسلامی تعاون تنظیم کا فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے کا مطالبہ

اسلامی دنیا کی نمائندہ تنظیم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور امداد تک رسائی پر پابندیوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز جدہ میں سعودی عرب اور پاکستان کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس کے بعد ایگزیکٹیو بورڈ کا 20 نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا ۔

اعلامیے کے مطابق او آئی سی نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت، وحشیانہ بمباری، غزہ کے مسلمانوں کا وجود ختم کرنے کی دھمکیوں اور محصورین کو امداد نہ پنچانے دینے کی مذمت کی ہے۔

دو روز قبل غٖزہ کے العہلی اسپتال میں بمباری کے حوالے سے او آئی سی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ غزہ میں معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کا یہ اقدام جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مغربی اقوام کی جانب سے غزہ پر حملے پر اسرائیل کی حمایت قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری کو غزہ پر کئے گئے غاصبانہ اقدامات پر اسرائیل کا محاسبہ کرنا چاہیے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے لئے پیش کی گئی دو قراردادوں کے ویٹو کئے جانے کے عمل کی بھی مذمت کی گئی۔

او آئی سی کے خصوصی اعلامیے میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیلی قابض فورسز کے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں جوکہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

پاکستان