اہم ترین

غزہ کے مسلمانوں کے لیے امدادی سامان غزہ پہنچنے لگا

فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے 20 ٹرک مصر کی سرحد سے غزہ میں داخل ہو گئے ہیں جب کہ اسرائیل نے کہا ہے کہ امداد صرف غزہ کے جنوبی علاقوں تک ہی جائے گی۔۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں میں لاکھوں متاثرین کے لیے پانی، خشک خوراک، گرم کپڑے، خیمے اور دوائیں شامل ہیں۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ غزہ میں پہنچائی جانے والی امداد معائنے سے مشروط ہو گی اور یہ صرف شہریوں کے پاس پہنچنی چاہیے۔ امدادی سامان صرف جنوبی علاقوں تک جائیں گے ۔ جہاں بے گھر شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت غزہ کے 20 لاکھ شہریوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے، ایسی صورت حال میں امدادی سامان کے 20 ٹرک انتہائی ناکافی ہیں۔غزہ میں فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یومیہ کم از کم 100 ٹرکوں کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے بتایا گیا کہ غزہ میں بھیجی گئی امداد ان ٹرکوں پر مشتمل ہے جو لڑائی سے پہلے وہاں پہنچے تھے۔ اس وقت بھی یومہ 450 سے زائد ٹرک غزہ بھیجے جاتے تھے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مصر میں امن سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں ہونے والے المناک واقعات جنگ بندی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ عالمی برادری اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا پابند بنائے۔فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔

پاکستان