اہم ترین

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر امریکا میں بچوں کی دماغی صحت خراب کرنے کا مقدمہ

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے سوشل میدیا پلیٹ فارمز اور میسیجنگ ایپس کی مالک کمپنی میٹا کے خلاف امریکا کی درجنوں ریاستوں نے بچوں کی دماغی صحت سے کھیلنے کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔

امریکا کی 40 سے زائد ریاستوں نے فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا پر “بچوں کے درد سے فائدہ اٹھانے”، ان کی دماغی صحت کو نقصان پہنچانے اور لوگوں کو اپنے پلیٹ فارم کی حفاظت کے بارے میں گمراہ کرنے کا مقدمہ دائر کرایا ہے۔

فرانسیسی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاستوں نے میٹا کے خلاف کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت میں مشترکہ درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میٹا نے مالی فائدے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں موجود خطرات کے بارے میں عوام کو بار بار گمراہ کیا۔

امریکی ریاستوں نے الزام لگایا ہے کہ میٹا نے نوجوان صارفین کے لیے ایسا کاروباری ماڈل تشکیل دیا جو ان کا استحصال کررہا ہے۔۔ میٹا نے اپنے اس کاروباری ماڈل کو نوجوان نسل کی صحت کے لیے نقصان دہ ہونے کے باوجود زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کے لیے ڈیزائن کیا۔

میٹا کا موقف

میٹا نے عدالت میں دائر درخواست کو مایوس کن قرار دیا ۔کمپنی نے اپنے بیان میں الزام لگایا کہ ریاستیں عمر کے مطابق معیارات بنانے کے لیے سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ تعاون نہیں کر رہیں۔

ٹیک کمپنی نے کہا کہ نوعمر صارفین کی دماغی صحت کے لیے کمپنی کی ایپس میں 30 سے ​​زیادہ ٹولز موجود ہیں ، اور جو ان کی آن لائن سرگرمیوں کو سہل بناتے ہیں۔۔

پاکستان