اہم ترین

حج پالیسی 2024 منظور، ، اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی

نگراں وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے مرتب کی گئی حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت اب عازمین کی مرضی کے مطابق 40 کے علاوہ 20 سے 25 دنوں کا بھی حج پیکیج ہوگا۔

اسلام آباد میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم معاملات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا کہ سندھ بلوچستان پر مشتمل ملک کے جنوبی ریجن کے لیے 38 سے 42 دنوں کا حج پیکیج 10 لاکھ 65 ہزار روپے جب کہ پنجاب ، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر مشتمل شمالی ریجن کے عازمین کے لیے 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

مرتضی سولنگی نے بتایا کہ رواں سال عازمین اپنی مرضی سے 20 سے 25 دنوں پر مشتمل حج پیکیج کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، تاہم اس کی مالیت کا تعین ابھی نہیں کیا جاسکا۔

نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں اسلامی سال عازمین کے لیے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کی سہولت اسلام آباد ایئرپورٹ پر دستیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ برس متعارف کرائی گئی اسپانسر شپ اسکیم رواں برس بھی جاری رہے گی۔ جس کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے 10 ہزار افراد کو ڈالر میں رقم جمع کرانا ہوگی اور وہ لوگ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

پاکستان