اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی بربریت؛ شہدا کی تعداد 13000 سے تجاوز کرگئی

غزہ میں حکام کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ 7 اکتوبر سے 20 نومبر تک ہونے کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جن میں 5500 بچے اور 3500 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ 30 ہزار کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اتوار کے روز ہونے والی کارروائیوں کے دوران مزید تین صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں ۔ ان میں سے غزہ میں میڈیا کے ایک ممتاز ادارے کے سربراہ اور دو دیگر صحافی شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی طرف سے غزہ کی پٹی کے الشفاء اسپتال کو “ڈیتھ زون” قرار دینے کےبعد الشفاء اسپتال کا ابھی بھی اسرائیلی فوج نے محاصرہ کر رکھا ہے۔ اسرائیلی فوج کے متعدد اہلکار اب بھی عمارت میں موجود ہیں۔

غزہ کے علاوہ گزشتہ 3 روز میں خان یونس میں بھی گزشتہ 3 روز کے دوران کم از 70 افراد اسرائیلی دہشت گردی سے شہید ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹروں کی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کے مطابق خان یونس میں 18 نومبر کو اسرائیلی بمباری کے چند منٹوں میں کم از کم 122 افراد ناصر اسپتال پہنچے۔ جن میں سے 70 لوگ اسپتال لائے جانے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ بچوں سمیت درجنوں زخمی شدید جھلسنے کے ساتھ نازک حالت میں لائے گئے ہیں۔

فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ خان یونس کا العمل ہسپتال گذشتہ چھ دنوں سے بغیر بجلی اور پانی کے چل رہا ہے۔ اسرائیل کے غزہ کے مکمل محاصرے کے دوران خوراک، پانی، ایندھن اور ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت کی وجہ سے محصور علاقے کے متعدد ہسپتالوں کو ’آؤٹ آف سروس‘ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان