اہم ترین

انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ضروری تعاون فراہم کریں گے: کور کمانڈرز کانفرنس

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تمام مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں جی ایچ کیو میں دو روزہ 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس (CCC) منعقد ہوئی۔

فورم نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسر، جوان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

پاک فوج کی اعلیٰ ترین قیادت نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے مسلسل جبر اور انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی فوج کی طرف سے شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی غیر واضح الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں اور ان بہادر کشمیریوں کے جذبے کو پست نہیں کر سکتے جو اپنے جائز حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

کورکمانڈرز کانفرنس کے دوران موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرے کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر گروہوں کے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کے لیے جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔

فورم نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے آلہ کار دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔

اجلاس کے دوران پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ضروری اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔

اعلیٰ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور ایل ای اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

کور کمانڈرس کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔

پاکستان