اہم ترین

واٹس ایپ آنر شپ فیچر؛ اپنے چینل کے رائٹس دوسرے کو دیں

واٹس ایپ میں بہت جلد ایک نیا فیچر آنے والا ہے جس کا نام اونر شپ فیچر ہوگا۔ اس فیچر کی مدد سے آپ کسی اور کو اپنے چینل کا مالک بنا سکیں گے۔

انسٹنٹ میسجنگ اور کالنگ ایپ واٹس ایپ کے ماہرین اپنے صارفین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے ایپ میں نت نئے فیچرز شامل کرتے رہتے ہیں۔

اس بار واٹس ایپ میں ایک فیچر آرہا ہے جس کے ذریعے صارفین کسی اور کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کا مالک بنا سکتے ہیں۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.24.2.17 پر دیکھا گیا ہے۔ کمپنی اس خصوصی فیچر کو پہلے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرانے جا رہی ہے۔

اس فیچر کے بارے میں معلومات WABetaInfo نے جاری کی ہیں۔ جس کے مطابق واٹس ایپ کا اونر شپ فیچر تیاری کے بعد اب جانچ پڑتال کے مرحلے میں ہے، اس لئے اسے صرف منتخب بیٹا صارفین کو فراہم کیا گیا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین اپنے واٹس ایپ چینل کی ملکیت کسی اور کو دے سکتے ہیں۔

یہ فیچر صرف واٹس ایپ چینل کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کا اطلاق واٹس ایپ پروفائلز یا گروپس پر نہیں ہوگا، لیکن ممکن ہے کہ مستقبل میں واٹس ایپ اس اونر شپ فیچر کو واٹس ایپ گروپس یا پورے اکاؤنٹس کے لیے بھی جاری کرے۔

اس کا مطلب ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ چینل کی ملکیت یا رائٹس کسی بھی شخص یا ادارے کو دے سکتے ہیں، جس کے بعد صارف کے علاوہ دوسرا شخص بھی وہی واٹس ایپ چینل استعمال کر سکے گا۔

پاکستان