اہم ترین

گوگل کا نیا اے آئی موڈیول جیمنی 1.5 آگیا، کئی مشکل کام آسان ہوگئے

گوگل نے جیمنی ایڈوانسڈ لانچ کرنے کے بعد اب اپنی اگلی نسل کے AI ماڈل جیمنی 1.5 کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جیمنی کا نیا اور تازہ ترین ورژن کارکردگی کے لحاظ سے بہت آگے ہے۔ کمپنی کے مطابق جیمنی 1.5 ورژن بہت سے کاموں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے جیسے طویل کوڈنگ سیشن، ٹیکسٹ سمری، تصاویر وغیرہ

گوگل نے جیمنی 1.5 کو اس طرح ڈیزائن اور ترتیب دیا ہے کہ وہ بہت مشکل کام آسانی سے، طویل کوڈنگ اور امیج پروسیسنگ وغیرہ جیسے بہت سے مشکل کاموں کو آسانی سے انجام دے سکے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ جیمنی 1.5 پرو 1 ملین ٹوکن تک ہینڈل کر سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے یہ نیا ماڈل اپنے پرانے ورژن سے زیادہ چیزیں اپنی یادداشت میں محفوظ رکھ سکتا ہے۔

اس نئے ماڈل کی اہم اپ ڈیٹس میں سے ایک بہتر حفاظتی اصول ہیں۔ گوگل نے کہا ہے کہ وہ طاقتور AI ماڈلز سے منسلک خطرات پر بھی مسلسل توجہ دے رہا ہے اور اس لیے ممکنہ نقصان کو روکنے کے لیے نئے فلٹرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے جیمنی 1.5 کا اعلان کیا ہے۔ اپنی پوسٹ میں مذکورہ تمام خصوصیات کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ دسمبر میں ہم نے جیمنی 1.0 پرو لانچ کیا، اور آج ہم جیمنی 1.5 پرو لانچ کر رہے ہیں۔

جیمنی 1.5 پرو فی الحال گوگل اے آئی اسٹوڈیو اور ورٹیکس اے آئی کے انٹرپرائز صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی نے ابھی تک اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دی ہے کہ جیمنی 1.5 پرو کو عوامی طور پر کب متعارف کرایا جائے گا۔

فی الحال گوگل اے آئی کے باقاعدہ صارفین جیمنی ایڈوانسڈ چیٹ بوٹ کا مفت ٹرائل استعمال کر سکتے ہیں، جو آسانی سے کوڈنگ اور تصاویر بنانے جیسے کام انجام دے سکتا ہے اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر گوگل اسسٹنٹ کی جگہ بھی لے سکتا ہے۔

پاکستان