اہم ترین

انتشاری ٹولے سے بات نہیں ہو سکتی: ترجمان پاک فوج

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ انتشاری ٹولے سے کوئی بات نہیں ہو سکتی ۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی سوچ اور ٹولہ اپنی فوج پر حملہ آور ہو، عوام اور فوج میں خلیج پیدا کرے اور تضیحک کرے، دھمکیاں دے تو اس سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔ ایسا سیاسی انتشاری ٹولہ جو آپ کے سامنے جو کچھ کر رہا اور کرواتا آ رہا ہے اس کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی ہم نہیں کر سکتے۔

میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ ایسے انتشاری سیاسی ٹولے کے لیے ایک ہی راستہ ہے کہ وہ قوم کے سامنے صدق دل سے معافی مانگے اور نفرت کی سیاست چھوڑ کر تعمیری سیاست کا وعدہ کرے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 9 مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں۔ اس دن عوام اور فوج میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہ صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں، پوری پاکستانی عوام کا مقدمہ ہے۔ 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینا پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لئے یار ہیں لیکن کمیشن پھر تہہ تک جائے، کمیشن یہ احاطہ کرے 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے، پارلیمنٹ پی ٹی وی پر حملے کا بھی احاطہ کرے، کس طرح لوگوں کو یہ ہمت دی گئی، سول نافرمانی کریں، بجلی کے بل جلائیں، کس طرح 2016 میں کے پی کے وسائل سے دارالحکومت پر دھاوا بولا گیا۔ جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے، وہ یہ بھی دیکھے آئی ایم ایف کو کس طرح خط لکھے گئے، لابنگ کی گئی کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے دیا جائے اسے پیسہ نہ دو۔

پاکستان