اہم ترین

نو مئی منصوبے کے اصل رہنماؤں کو جرائم کا حساب دینا پڑے گا: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نو مئی منصوبے کے اصل رہنماؤں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لاہور میں پاک فوج کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب کے دوران کہا کہ 9 مئی کو کی گئی پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیے کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ منصوبہ سازوں نے معصوم لوگ اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا۔اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔ تاہم اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرنے والوں اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔

پاکستان