اہم ترین

وطن کے لیے جان دینے سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں: جنرل عاصم منیر

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے جان دینے سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منقعدہ تقریب میں جنرل عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران بہادری کے مظاہرے اور قوم کے لیے شاندار خدمات پر فوجی جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں آرمی کے اعلیٰ افسران اور ایوارڈ سے نوازے جانے والے افراد کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ افسران اور جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سمیت دیگر تمغوں سے نوازا گیاجب کہ شہدا کے تمغے ان کے اہل خانہ نے وصول کئے۔

شہدا اور غازیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے جان دینے سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور ہمارے شہداء کی قربانیاں انتہائی لگن اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو ہیں، قوم کی آزادی اور سلامتی اپنے بہادر جنگجوؤں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ ہمارے شہدا درحقیقت قوم کے لیے امید اور استقامت کی کرن ہیں۔

پاکستان