اہم ترین

سعودی عرب کا فرانس، ازبکستان اور ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا فیصلہ

سعودی عرب نے ازبکستان، چین، فرانس، اور ترکیہ( ترکی کا پرانا نام) سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ( ایس پی اے) کے مطابق اس بات کا فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہونے والے وزراء کونسل کے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں کابینہ نے سماجی خدمات کے شعبے میں تعاون سے متعلق ترکیہ کے ساتھ دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان ایم او یو( مفاہمتی یادداشت) کے مسودے پرتبادلہ خیال اور مشترکہ کمیٹی کے قیام کے معاہدے کی تکمیل کے لیے پروٹوکول کے مسودے پر چینی فریق کے ساتھ بات کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

جدہ میں ہونے والے اس اجلاس میں سعودی حکومت کی جانب سے حکومت فرانس کے ساتھ تزویراتی ( اسٹریٹیجک) شراکت داری کونسل کے قیام کے لیے ایم او یو پر بات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جوہری توانائی کے پُرامن استعمال کے فریم ورک کے معاہدے کے مسودے اور بحیرہ احمر کے لیے ایک مستحکم قومی حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودیہ عرب نے 2020ء میں بحیرہ احمر کے پڑوسی عرب اور افریقی ممالک پر مشتمل کونسل کے قیام کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان