اہم ترین

اسرائیل کو غزہ میں ایک دن میں سب سے بڑا نقصان؛ 24 فوجی جہنم واصل

غزہ میں اسرائیل کے 24 اسرائیلی فوجی ایک ہی دن میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ 7اکتوبر سے شروع ہونے والی صیہونی جارحیت کے بعد سے ایک روز کی سب سے بڑی فوجی ہلاکتیں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے پریس بریفنگ کے دوران 21 فوجیوں کے ہلاکت کا اعتراف کیا۔

ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری کے مطابق غزہ کے حدود کے قریب علاقے مغازی میں واقع یہودی بستیوں میں عسکریت پسندوں نے ایک ٹینک پر راکٹ سے حملہ کیا، جو ان اسرائیلی فوجیوں کے قریب کھڑا تھا، جو دو عمارتوں کو منہدم کرنے کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے۔ عین اسی وقت اس دو منزلہ عمارت میں ایک دھماکہ ہوا، جس سے عمارت اسرائیلی فوجیوں پر گر گئی۔

سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد سے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائی کے دوران کسی ایک دن میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ حماس کے خلاف ”حتمی فتح‘‘ تک اپنی جارحانہ کارروائی جاری رکھیں گے۔اس کے علاوہ انہوں نے غزہ میں یرغمال بنائے گئے 100 سے زائد یرغمالیوں کی واپسی کا وعدہ بھی دہرایا ۔

دوسری جانب غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25,490 ہو گئی ہے، جبکہ 63 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستان