اہم ترین

سعودی وزیر خارجہ نے جلد پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی امید دلادی

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے شمار معاشی امکانات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ہم اس سلسلے میں نمایاں پیش رفت دیکھیں گے۔

اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ان کا دورہ وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کا نتیجہ ہے۔ وہ سعودی عرب کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا پاکستان میں بے شمار معاشی امکانات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کی ٹیمیں نتیجہ خیز اقدامات کریں گی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بھرپور انداز میں بروئے کار لائیں گی۔ توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ہم اس سلسلے میں نمایاں پیش رفت دیکھیں گے۔

غزہ کی صورت حال کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں 33 ہزار سے زائد معصوم لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم عالمی برادری کا ضمیر اُس وقت جاگا جب امدادی ایجنسی کے سات اہل کار اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔ اس سے عالمی برادری کا دہرا معیار ظاہر ہوتا ہے۔سعودی عرب خطے میں مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔ فریقین کو اپنے تمام تر اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔

پاکستان