اہم ترین

مالیاتی سہولت کاری پاک چین کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں گی، صدر این بی پی

نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی ) کے صدر رحمت علی حسنی کا کہنا ہے کہ چین بزنس کانفرس دونوں ممالک کی ”کاروبار دوست ماحول کی فراہمی” کے ارادے کا عکاس ہے۔ یہ بات انہوں نے چین کے شہر شینزن میں ہونے والی کانفرنس کے دوران کہی۔

کانفرنس کا مقصد چین کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس ( بی ٹو بی )پراجیکٹس کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔

رحمت علی حسنی نے شینزن لوکل فنانشل سپرویژن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل شی وی گان کے ساتھ ملاقات کے دوران شینزن میں این بی پی کی برانچ قائم کرنے کیلئے ممکنہ مواقعوں اور شہری حکومت کی طرف سے مراعات سے متعلق بات چیت کی۔

این بی پی کے صدر نے چینی وزارت خزانہ اور سلک روڈ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( ایس آر آئی آئی ایف) کے نمائندوں کے ساتھ اشتراک کے ممکنہ مواقع پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہواوے ٹیکنالوجیز کے سی او او والیس لئی اور ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں اسمارٹ مصنوعات، مالیاتی حل اور خدمات پر اشتراک کیلئے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے ہواوے ٹیکنالوجی سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

صدر این بی پی نے چین اکنامک نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ کانفرنس سے دونوں ممالک کے لیے مواقع کا نیا باب کھل رہا ہے، جو ان کے ”کاروبار دوست ماحول کی فراہمی” کے ارادے کا عکاس ہے ۔این بی پی اس اشتراک کے نتیجہ میں ہونے والے تمام کاروبار کیلئے بینکنگ کی زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے۔

پاکستان