اہم ترین

امریکا کے لئے پی ٹی آئی پر پابندی باعثِ تشویش

تحریکِ انصاف پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر امریکا نے اپنا رد عمل دے دیا۔۔ محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت پر پابندی واشنگٹن کے لیے باعثِ تشویش ہوگی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاللہ تارڑ نے کہا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے اور عمران خان، عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پر ملک سے غداری اور بغاوت کے مقدمے درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستانی حکومت کے فیصلے پر اپنا رد عمل دے دیا۔

میتھیو ملر نے کہا کہ انہوں نے ایسی خبریں دیکھی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں یہ ایک پیچیدہ صورت حال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگانا ایک ایسی بات ہوگی جو ہمارے لیے بڑی تشویش کا باعث ہوگی۔ ہم پاکستان سمیت کسی بھی دوسرے ملک میں سیاسی تشدد کے خلاف ہیں۔ امریکا کے اپنے ملک اور دوسرے ملکوں میں سیاسی تشدد اور جمہوریت پر مؤقف میں کوئی تضاد نہیں۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستان سمیت ہر ملک میں قانون کی حکمرانی کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم جمہوری اصولوں کی عزت،، لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق اور جمہوری حقوق کی پاسداری چاہتے ہیں۔

پاکستان