پاکستان کرکٹ بورڈ نے کینیڈا میں کھیلے جانے والے گلوبل T20 ٹورنامنٹ کے لئے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو این او سی دینے سے انکار کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اگست 2024 سے مارچ 2025 کے درمیان قومی کرکٹ ٹیم نو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز اور اگلے سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلے گی۔
پی سی بی کو دیگر کھلاڑیوں کے علاوہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سے گلوبل ٹی 20 ایونٹ کے لیے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں اور قومی سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔
بورڈ اعلامیے کے مطابق تینوں کھلاڑی تمام فارمیٹ کے کھلاڑی ہیں، توقع ہے کہ ان کی خدمات آئندہ آٹھ ماہ میں درکار ہوں گی،،
پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے مطابق یہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ کینیڈا میں ہونے والے آئندہ ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ اس سیزن کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں۔
اس سے قبل پی سی بی نے بھی اسی بنیاد پر دی ہنڈریڈ کے لیے نسیم شاہ کو اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
پی سی بی نے آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کے لیے این او سی کی منظوری دے دی ہے۔ چاروں کھلاڑی بنیادی طور پر وائٹ بال کے کرکٹرز ہیں، جب کہ افتخار اور نواز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی ہیں۔