معروف مصنف اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کو خاتون مداح کے گھر پر نامعلوم افراد نے لوٹ لیا۔
خلیل الرحمان قمر نے لاہور کے تھانہ سندر میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 15 جولائی کو رات بارہ بجے نامعلوم نمبر سے فون آیا فون پر آمنہ عروج نامی خاتون نے بتایا کہ وہ لندن سے آئی ہیں اور میری بہت بڑی فین ہیں۔
مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون نے نے ملاقات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے اصرار کے ساتھ اپنی بحریہ ٹاؤن کی لوکیشن مجھے بھیج دی، میں لوکیشن پر پہنچا آمنہ عروج نے مجھے کمرے میں بٹھایا۔ اتنے میں گھر کی گھنٹی بجنے پر وہ باہر کی طرف گئیں۔
خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا کہ خاتون باہر گئیں تو سمجھا کہ کوئی ڈیلیوری بوائے ہوگا لیکن چند منٹ بعد 6 سے 7 مسلح افراد کمرے میں داخل ہوئے اور مجھے لوٹ لیا۔ مسلح افراد نے تشدد کرکے اے ٹی ایم کارڈ اور اس کا پاس ورڈ پوچھ کر 2 لاکھ 62 ہزار روپے بھی نکلوالئے۔