اہم ترین

امریکی صدارتی انتخاب:بائیڈن دستبردار، ٹرمپ کا مقابلہ کاملا ہیرس سے ہونے کا امکان

امریکی صدر جو بائیڈن صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہوگئے ہیں، اس کے بعد اب نومبر میں ہونے والے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے نائب صدر کاملہ ہیرس کریں گی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایکس پر پوسٹ کیے گئے خط میں کہا ہے کہ امریکی عوام کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دینا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ میرا یہ پختہ ارادہ تھا کہ میں دوبارہ صدر منتخب ہوجاؤں لیکن یہ میری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو جاؤں۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ بطور امریکی صدر اپنے عہدے کی باقی مدت تک اپنے فرائض کی ادا ئیگی پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

اپنی اگلی ٹوئٹ پر بائیڈن نے لکھا کہ وہ کاملا کی اس سال ہماری پارٹی کی نامزدگی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور توثیق کا اظہار کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہےکہ ڈیموکریٹس متحد ہوں اور ٹرمپ کو شکست دیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن کی جانب سے کاملہ ہیرس کی حمایت کا مطلب یہ نہیں کہ نائب صدر کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ اب ڈیموکریٹس کو چند ہفتوں میں ہی صدارتی نامزدگی کے عمل مکمل کرنا ہوگا ۔۔

کاملہ شکاگو میں آئندہ ماہ ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں نامزدگی کے لیے پارٹی کی پہلی پسند ہوں گی ۔ غالب امکان یہی ہے کہ وہی ڈیموکرٹس کی جانب سے صدارتی امیدوار بن کر ٹرمپ کا مقابلہ کریں گی۔

پاکستان