اہم ترین

مریم نواز فاشسٹ ہے: عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے فوج سے مذاکرات کے لئے ایک بار پھر آمادگی ظاہر کردی۔۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے فوج پر کبھی الزامات نہیں لگائے، ہم نے صرف تنقید کی ہے۔۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ مقدمے کی سماعت کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں یہ نہ سکھائیں کہ فوج نے کبھی کوئی غلطی نہیں کی۔ سقوط ڈھاکہ کے پیچھے جنرل یحییٰ خان اور ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے پیچھے جنرل ضیا الحق کا ہاتھ تھا۔۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فوج سے مذاکرات کے لئے ہماری شرائط چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کرنے کے ساتھ ساتھ گرفتار کارکنان کی رہائی اور مقدمات کا خاتمہ ہے اور تیسرا مطالبہ ملک بچانے کا ہے جو صاف شفاف الیکشن کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے ، بیرون ملک سے سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے بنائی گئی کونسل ایس ائی ایف سی یو وزیر داخلہ محسن نقوی سب وہی چلارہے ہیں۔

سابق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ محسن نقوی پاک فوج کا نمائندہ ہے، وہ آج جس مقام پر ہے وہ پاک فوج کے ذریعے ہی یہاں تک پہنچا۔ میں محسن نقوی سے کبھی بات نہیں کروں گا کیونکہ جب وہ وزیر اعلیٰ تھا تو انھوں نے آئی جی پنجاب سے مل کر ہمارے لوگوں پر ظلم کیا۔محسن نقوی پی ٹی آئی کے کارکن ظل شاہ کی موت کے ذمہ دار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سے ہم کیا مذاکرات کریں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں فارم 47 والے ہیں اور موجودہ حکومت کا ایک ہی مقصد ہے پی ٹی آئی اور فوج کو لڑوا کر ہماری جماعت ختم کروائیں۔یہ دونوں جماعتیں ڈوب رہی ہیں اور جوتے کے سہارے لٹک رہی ہے۔

انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز فاشسٹ ہے اور انھوں نے آئی جی پنجاب کو اسی لیے رکھا ہوا ہے کہ انھوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر ظلم کیا ہے۔

انھوں نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی مکمل حمایت کی اور کہا کہ ہماری پارٹی اس دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کہ بلوچستان میں لوگوں کو غائب کرنا ظلم ہے۔

پاکستان