شعیب اختر اب تک لہ کرکٹ کی تاریخ کے تیز ترین بولر ہیں۔ انہوں نے 2003 میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی جو کہ کرکٹ کی تاریخ کی اب تک کی تیز ترین گیند ہے۔
شعیب اختر کے بعد ان جیسا کوئی فاسٹ باؤلر کرکٹ کی دنیا میں نہیں آیا۔ لیکن اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک بولر بالکل اختر کی طرح بولنگ کر رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس باؤلر کی ویڈیو خود شعیب اختر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے شیئر کی تھی۔ اختر جیسی باؤلنگ کرنے والے باؤلر کا نام عمران محمد ہے اور وہ عمان میں کرکٹ کھیلتا ہے۔ حالانکہ عمران کا تعلق پاکستان کے خیبرپختونخوا سے ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران بالکل شعیب اختر کی طرح رن اپ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا ایکشن بھی شعیب اختر سے بہت ملتا جلتا ہے۔ معاملہ صرف رن اپ اور باؤلنگ ایکشن کے مماثل ہونے تک محدود نہیں ہے بلکہ عمران کی شکل بھی اختر سے کافی ملتی جلتی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ شعیب اختر کی طرح باؤلنگ کرنے والے عمران محمد نے 18 سال کی عمر میں پاکستان چھوڑ دیا تھا اور اب وہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں رہائش پذیر ہیں جہاں وہ سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر اپنا گزارہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کرکٹ کی پریکٹس بھی کرتے رہتے ہیں اور عمان میں ہونے والی لیگ میں بھی شرکت کرتے ہیں۔