جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد بھی لبنان میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مسلسل اسرائیلی ڈرون طیارے پرواز کررہے ہیں۔
لبنان کے جنوب اور وادی بیکا کے رہائشی اسرائیلی فوج کی دھمکیوں کے بعد اپنے گھر چھوڑ کر دیگر حصؤں کی جانب جارہے ہیں۔
مالی طور پر دیوالیہ پن سے دوچار ؎لبنان میں 15 لاکھ شامی پہلے ہی پناہ گزین ہیں۔ وہ گھروں، کھلے علاقوں، کیمپوں یا اسکولوں میں رہ رہے تھے، لیکن انہیں بھی وہاں سے نکل کر دیگر علاقوں میں دوبارہ پناہ لینی پڑ رہی ہے۔
پناہ گزین کیمپوں میں تقریباً دو لاکھ فلسطینی بھی موجود ہیں۔لہٰذا یہ تمام لوگ بیروت کی گلیوں، پارکس ، ساحل سمندر اور سڑکوں پر رہ رہے ہیں۔
حزب اللہ کی کارروائیاں بھی جاری
حسن نصر اللہ کی شہادت کے باوجود حزب اللہ کی جانب سےا سرائیل کے خلاف مزاحمت بھرپور انداز میں جاری ہے۔ حزب اللہ نے اتوار کو بھی شمالی اسرائیل میں اوفیک فوجی اڈے پر فادی 1 راکٹوں کا حملہ کیا ۔ جب کہ سرحد پر منارا نامی گاؤں میں اسرائیلی فوجیوں اور ساعار نامی علاقوے کو نشانہ بنایا ہے۔