پاکستان کرکٹ بورڈ نے عاقب جاوید آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
دورہ آۤسٹریلیا سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ میں ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے بعد ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی پی سی بی نے عاقب جاوید کو سلیکٹر کی حیثیت سے کمیٹی میں شامل کیا تھا۔ اور اب انہیں عبوری ہیڈ کوچ بھی بنادیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق وائٹ بال فارمیٹ کے ہیڈ کوچ کی تقرری کا عمل شروع کردیا گیا ہے لیکن اس عمل کے دوران آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 شروع ہوجائے گی۔ اس لئے اس عرصے تک عاقب جاوید یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اس مدت کے دوران عاقب جاوید قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
پاکستان 22 سال بعد آسٹریلیا سے اس کے ہوم گراؤنڈ مٰں ون ڈے سیریز جیتی ہے لیکن اسے ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کا سامنا کرناپڑا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم 24 نومبر سے 5 دسمبر کے درمیان زمبابوے میں تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلے گی اور جنوبی افریقا میں 10 سے 22 دسمبر کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی20 کھیلے گی۔