اہم ترین

فوجی عدالتوں میں جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع

لاہور میں جناح ہاؤس ( کورکمانڈر ہاؤس)  پر حملہ کرنے والے  ملزمان کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

نو مئی کو چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتار ی  کے بعد جلاؤ گھیراؤ اور  ہنگامہ آرائی میں ملوث 16شر پسندوں کو  انسداد دہشت گردی عدالت نے فوج کے حوالے کرنے کا حکم جاری کیا ۔

کمانڈنگ آفیسر نے جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدے میں ملوث 16 شر پسندوں کو  ملٹری ایکٹ کے تحت  کارروائی کے لیے  درخواست کی تھی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے عدالت نے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

کمانڈنگ آفیسر کےمطابق ملزمان آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے  سیکشن سات، تین اور نو کے تحت   قصور وار ہیں ۔ عدالتی فیصلے کے مطابق  ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ 1952ء کے تحت ٹرائل کیا جاسکتا ہے،

عدالتی فیصلے کے مطابق استغاثہ نے کمانڈنگ آفیسر کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا جس پر عدالت نے 16 ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے کمانڈر آفیسر کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

پاکستان