اہم ترین

شہدا کا وقار مجروح کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کہا ہے نو مئی کو رونما ہونے والے واقعات  قابل مذمت اور انتہائی افسوس ناک ہیں۔ اس دن جو کچھ ہوا ،  قوم اس کے ذمے داروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور آئندہ ایسے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے جنرل سید عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز، جوانوں، پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ۔

پاکستان