اہم ترین

عمران خان کی القادر ٹرسٹ سمیت 8 کیسز میں ضمانتیں منظور

اسلام آباد  ہائی کورٹ اور احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کیس سمیت دیگر 8 کیسز میں عمران خان کی  ضمانت  منظور کرلی ہے۔

ہائی کورٹ میں  القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیر اعظم کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔  چیئر مین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث  نے  عدالت سے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کو آٹھ جون تک کرتے ہوئے معاملے کو احتساب عدالت بھجوانے کی درخواست کی۔

عدالت نے سابق وزیر اعظم کی حفاظتی ضمانت میں پیرتک کی توسیع کرتے ہوئے  انہیں تین دن میں نیب عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ۔

ہائی کورٹ میں  نومئی کے عمران خان کے خلاف درج ہونے والے مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست کی بھی سماعت کی گئی اور نو مئی کے بعد درج ہونے والے 6 مقدمات میں ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کوآئندہ دس دن تک عمران خان کو گرفتارکرنے سے روک دیا۔

علاوہ ازیں ہائیکورٹ میں عمران خان کی 9 مئی کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست کی بھی سماعت ہوئی۔

عدالت نے عدلیہ سے یکجہتی کے کیس اور 9 مئی کے بعد درج 6 مقدمات میں بھی دس روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے پولیس کو دس روز کے لیے عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔

اس کے بعد عمران خان ہائیکورٹ سے احتساب عدالت پہنچے۔ جہاں  جج محمد بشیر نے 190 ملین پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی اور 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض چیئر مین پی ٹی آئی کی 19 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

پاکستان