اہم ترین

نیب نے 190 ملین پاؤنڈ کے اسکینڈل میں 22سابق وزرا کے خلاف تحقیقات تیز کردیں

قومی احتساب بیورو نے برطانیہ سے 190 ملین پاؤنڈ کی غیر قانونی طریقے سے منتقلی کے اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق وزراء اور کا بینہ اراکین سمیت دیگر رہنماؤں  کے  اثاثوں کی چھان بین شروع کردی ہے۔

 نیب نے سابق حکومت میں وزرات کے منصب پر فائز رہنے والے 22 اہم سیاسی شخصیات کے نام موجود جائیدادوں، اکاؤنٹس اور گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا اور اس ضمن میں چاروں صوبوں کے سے مذکورہ بالا سیاسی رہنماؤں کےاثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مراسلے بھیج دیے ہیں۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے جن شخصیات کے اثاثہ جات کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ان میں پرویز خٹک،عمر ایوب، مراد سعید، اسد عمر، شیخ رشید احمد، فواد چوہدری، اعظم سواتی، شفقت محمود، غلام سرور، شیریں مزاری، فیصل واوڈا، علی زیدی اور علی امین گنڈا پور کے نام شامل ہیں۔

نیب نے شیخ رشید احمد، پرویز خٹک، عمر ایوب، حماد اظہر، مراد سعید، اسد عمر، فواد چوہدری اور مراد سعید کے نام اثاثوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے جبکہ اعظم سواتی، علی زیدی، فیصل واوڈا، علی امین گنڈہ پور، شفقت محمود، غلام سرور اور شیریں مزاری کے نام جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

نیب کی جانب سے سابق حکومت میں شامل دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے جن افراد کی جائیدادوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ، ان میں فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، اعجاز احمد شاہ اور خسرو بختیار شامل ہیں۔

 نیب نے ان 22 سیاسی شخصیات کی جانب سے  2018ء سے ا ب تک خریدی اور فروخت کی گئی گاڑیوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کی ہے۔

پاکستان