اہم ترین

بھارت ‘ڈیجیٹل’ جواریوں کا مرکز بن گیا، رپورٹ

آن لائن گیمنگ ایپلی کیشنز کی بدولت سٹے بازی کی لت میں مبتلا نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور قوانین کے فقدان کے نتیجے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔

ہندوستان میں لاکھوں لوگوں نے ڈریم الیون، مائی الیون سرکل اور ایم پی ایل جیسی ویب سائٹس کے لیے سائن اپ کیا ہے، ان گیمنگ ایپلی کیشنز کی مقبولیت میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ ایپس صارفین کو حقیقی کھلاڑیوں پر مشتمل ورچوئل ٹیموں کو تخلیق کرنے اور اعزاز یا نقد انعامات جیتنے کے لیے دوسروں کے خلاف کھیلنے کا اہل بناتی ہیں۔

 تاہم، ریگولیٹری کنٹرول کی کمی اور بڑے پیمانے پر اشتہاری مہمات ان ایپس کے مسلسل استعمال کی لت اور ممکنہ مالی بربادی کے بارے میں تشویش پیدا کرتی ہیں، خاص طور پر مالی طور پر کمزور لوگ اس گورکھ دھندے میں پھنستے چلے جاتے ہیں۔

ایسا ہی ایک شکار سنتوش کول نامی شخص بھی ہے، جس نے بیٹنگ ایپس استعمال کرنے کے ایک مہینے کے اندر اپنے والد کی جانب سے پڑھائی کے لیے بھیجے گئے 40 ہزار روپے سٹے میں گنوا دیے۔ اسی طرح 16 سالہ پرتیک کمار ان گیمنگ ایپس پر سٹے بازی کا عادی ہو گیا جس نے اپنے خاندان کی جمع پونجی اور اپنی والدہ کی کمائی لٹا دی۔

ان ایپس کے اشتہارات (جن میں مشہور کرکٹ کھلاڑی اور اداکار شامل ہیں) نے ان کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا، خاص طور پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران، جہاں وہ سرفہرست مشتہر تھے۔ آئی پی ایل کے دوران تقریباً 61 ملین صارفین نے سٹے بازی میں حصہ لیا، جن میں سے اکثریت چھوٹے شہروں سے تھی۔

ان ایپس کی قانونی حیثیت پر بحث جاری ہے، کیونکہ ہندوستانی قانون کچھ مہارت پر مبنی گیمز کے علاوہ جوئے کی زیادہ تر اقسام کو ممنوع قرار دیتا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایپس کے الگورتھم کمپنیوں کے حق میں ہیں، جس سے کھلاڑیوں کے لیے ایک خاص حد سے زیادہ جیتنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ریاستوں میں یکساں ضوابط کی کمی نے بھی مؤثر نگرانی میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

کچھ ریاستیں، جیسے مدھیہ پردیش، نے آن لائن گیمنگ کو ریگولیٹ کرنے کی کوشش کی ہے، جب کہ دیگر نے اس پر پابندی لگا دی ہے۔ ماہرین وضاحت اور مستقل مزاجی لانے کے لیے یکساں قومی قانون کی وکالت کرتے ہیں۔ گیمنگ کی لت کے مریضوں کا علاج کرنے والے خصوصی کلینکس میں ان ایپس کی لت میں مبتلا افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش کا باعث ہے۔

ان ایپس کے دماغی صحت پر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں، خاص طور پر طلباء میں جو اپنے نقصانات کی وصولی کے خواہاں ہیں۔ اس کی بجائے مانیٹری پہلو اور ایوارڈ پوائنٹس کو ہٹانے کی تجویز دی گئی ہے۔

بھارتی حکومت نے آن لائن گیمنگ کی حوصلہ شکنی کے لیے 28 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ٹیکس میں اضافے کے باوجود ایپس کی مقبولیت میں کمی نہیں آئے گی۔

پاکستان