اہم ترین

پاکستان کے ارسلان ایش دنیا کے سب سے بہترین ٹیکن فائٹر قرار

لاہور سے تعلق رکھنے والے گیمر ارسلان ایش کو پوری دنیا میں اب تک کا بہترین ٹیکن فائٹر قرار دیا جارہا ہے۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے ٹیکن چیمپئن ارسلان ایش اتوار کو لاس ویگاس میں ایوو چیمپیئن شپ جیت کر اس کے چار مرتبہ فاتح بننے والے دنیا کے پہلے گیمر بن گئے ہیں۔

27 سالہ نوجوان نے چیمپئن شپ میچ میں جاپان کے اے او کو 3-0 سے زیر کر کے اپنی صلاحیتوں اور گیمنگ تکنیک سے سب کو حیران کر دیا۔

فائنل میں ارسلان نے اے او کو 3-1 سے زیر کیا جبکہ سیمی فائنل میں انہوں نے السان کو باآسانی 2-1 سے شکست دی۔

ارسلان دنیا کے واحد ای اسپورٹس کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیکن 7 میں چار بار یہ اعزاز جیتا ہے۔ انہوں نے 2019 میں جاپان اور لاس ویگاس میں ٹائٹل جیتا اور اس سال بھی یہی کارنامہ دہرایا۔

ارسلان کو بہت سے لوگ اب تک کا سب سے بڑا ٹیکن کھلاڑی قرار دے رہے ہیں۔ انہیں ای ایس پی این کی طرف سے 2019 کے بہترین ای پلیئر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

ارسلان ایک سی ای او  2021 چیمپیئن اور سال 2022 کے کومبو بریکر ٹیکن 7 ٹورنامنٹ کے فاتح بھی ہیں، جہاں انہوں نے اپنے تمام 10 مخالفین کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ارسلان، خان عمران اور عاطف بٹ پر مشتمل پاکستانی اسکواڈ نے گزشتہ ماہ سعودی عرب میں چیمپئن شپ میچ میں جنوبی کوریا کو شکست دے کر گیمرز 8 ٹیکن 7 نیشنز کپ جیتا تھا۔

جنوبی کوریا کو پاکستانی اسکواڈ کے ہاتھوں ایک غیر متوقع شکست ہوئی جنہوں نے چیمپئن شپ کا میچ 3-2 سے جیتا۔

ارسلان کی اس کامیابی پر ایوو ٹورنامنٹ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ان کی تصویر کے ساتھ انہیں مبارک باد دی گئی جہاں ان کے مداحوں نے ان کی تاریخی کامیابی کو سراہا۔

پاکستان