اہم ترین

معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، نگراں وزیراعظم

 نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ نہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کے پہلے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں ہے۔  معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اکثریت کو اقلیت کا خیال رکھنا ہوگا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افرادکے خلاف بلا امتیاز قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،  9 مئی ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش تھی۔

انوار الحق کاکڑ  کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے پاس بہترین ٹیم ہے اور  مجھے  اس پر فخر ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔ اپنی  نگراں حکومت کے دور میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کریں گے اور مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم کے ویژن پر عمل کرکے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔قانون کی حکم رانی رول آف آرڈر سے ہی ہوگی۔

پاکستان