اہم ترین

آرمی چیف کا غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معاشی نقصانات سے نجات کے لیے غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کے ہمراہ پنجاب کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ جس میں انہیں مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔۔

اجلاس کے دوران بجلی اور گیس کی چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں ، اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں آپریشنز سے متعلق پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والی چوری کی وجہ سے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے۔

اجلاس کے دوران شرکا کو گرین پنجاب کے اقدامات پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے مفید اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

ایپکس کمیٹی کے شرکاء نے اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔

پاکستان