پاکستان نے چین کے چاند کے قطب جنوبی پر تحقیقی مرکز کی تعمیر کے منصوبے میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق چین کے سرکاری دورے کے دوران نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بیجنگ میں چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔ اس منصوبے میں پہلے ہی روس ، وینزویلا اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔
چین کے خلائی پروگرام کے ذمہ دار ادارے چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کے مطابق کثیر ملکی تعاون چین کے چاند پر بیس پروگرام کے انجینئرنگ اور آپریشنل پہلوؤں سمیت دیگر شعبوں کے لیے ہوگا۔
چین نے 2030 تک خود کو عالمی برادری میں سب سے بڑی خلائی طاقت ثابت کرنے کا ہدف طے کررکھا ہے۔ اس مقصد کے لئے چاند پر تحقیقی مرکز کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
چین 2030 کی دہائی کے آخر تک اپنے خلانوردوں کو چاند بھجوانے کے منصوبے پر بھی کام کررہا ہے۔
واضح رہے کہ چاند پر تحقیق کے حوالے سے امریکی خلائی ادارہ ناسا بھی کام کررہا ہے اس منصوبے کا نام آرٹیمس ہے ۔ اس منصوبے کے تحت ناسا کا منصوبہ 2025 تک خلانوردوں کو چاند پر بھیجنا ہے۔
20 جولائی 1969 کو نیل آرم اسٹرانگ نے چاند پر قدم رکھ کر تاریخ رقم کی تھی اس کے بعد پانچ مرتبہ امریکی مشن چاند پر بھیجے گئے لیکن 1972 کے بعد سے چاند پر کوئی خلاباز نہیں اترا۔