اہم ترین

شام اور عراق میں امریکی افواج پر حملوں سے متعلق ایران کا اہم بیان آگیا

ایران کے وزیر خارجہ امیرعبداللہیان نے شام اور عراق میں امریکی افواج پر حملوں میں کسی بھی قسم کے کردار کی تردید کردی ہے۔

امریکا نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ اس نے خطے میں امریکی فوجیوں کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے والی دو شامی تنصیبات کو تباہ کردیا ہے ۔ یہ تنصیبات ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی سے منسلک تھیں۔

تاہم امریکا نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس ایران کی جانب سے دیئے گئے احکامات کے واضح ثبوت نہیں لیکن چونکہ ایران ہی حملوں کو انجام دینے والے گروہوں کی حمایت کرتا ہے اس لئے ہم ان حملوں کا ذمہ دار بھی ایران کو ہی قرار دیتے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ امیرعبداللہیان نے امریکی الزامات کی تردید کردی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا شام اور عراق میں امریکا کے خلاف کارروائیاں کرنے والے گروپوں سے ان کے ملک کا کوئی تعلق نہیں۔

امیرعبداللہیان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں چند گروپ اپنی کارروائیوں میں آزاد میں ہیں۔ ایران کسی بھی طور پر انہیں کوئی ہدایات نہیں دیتا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ان کے ملک نے حماس کو یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی حوالگی کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری طرف پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کا اصل کھیل امریکا رچا رہا ہے۔ جس کی پہنچ اسرائیل تک نہیں وہ امریکا کے خلاف ضرور کارروائی کرسکتا ہے

پاکستان