دنیا کے معروف ترین ویڈیو گیمز میں شامل ڈوٹا 2 کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ توقع کے مطابق ناظرین کی توجہ حاصل نہیں کرسکا۔۔
دنیا بھر میں مقبول ملٹی پلیئر آن لائن گیمز ڈوٹا 2 کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ انٹرنیشنل 2023 کو ناظرین کی جانب سے حسب توقع پزیرائی نہیں مل سکی جس کے بعد بڑی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔۔
ڈوٹا 2 کا سب سے بڑا مقابلہ ایونٹ انٹرنیشنل 2023 گزشتہ دنوں امریکا کے شہر سیٹل میں اختتام پزیر ہوگیا ۔۔ کئی برسوں بعد سیٹل میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے باعث اسے دلچسپ بنانے اور گیمرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کئی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
تاہم ٹورنامنٹ کے 2022 ایڈیشن کے مقابلے میں رواں برس ناظرین کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ای اسپورٹس سے متعلق مستند اعداد و شمار جاری کرنے والے پلیٹ فارم ای اسپورٹس چارٹس کے مطابق رواں برس ایونٹ کو ایک وقت میں سب سے زیادہ 14 لاکھ 40 ہزار کے قریب ناظرین نے براہ راست دیکھا جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد 17 لاکھ سے زیادہ تھی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس 3 لاکھ ناظرین کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اسی طرح اگر ایونٹ کے اوسط ناظرین کی تعداد دیکھی جائے تو یہ رواں برس 5 لاکھ 41 ہزار بنتی ہے۔۔ جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 20 ہزار کم ریکارڈ کئے گئے۔۔
انٹرنیشنل 2023 میں ڈوٹا 2 کی سب سے مقبول ٹیم ٹیم اسپرٹ نہیں بلکہ یورپی ٹیم گیمین گلیڈی ایٹرز کو آن لائن ناظرین کی زیادہ پزیرائی حاصل رہی ۔ پورے ایونٹ میں گیمین گلیڈی ایٹرز کے مقابلوں کو روسی شہریوں نے سب سے زیادہ دیکھا جب کہ دوسرا نمبر اسے انگریزی میں دیکھنے والوں کا تھا۔
2023 کے ایڈیشن کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ ٹیم اسپرٹ اور گیمین گلیڈی ایٹرز کے درمیان شاندار فائنل تھا، جس میں اسپرٹ نے 3:0 سے کامیابی حاصل کی، 2021 میں ٹورنامنٹ جیتنے کے بعدٹیم اسپرٹ نے دوسرا بین الاقوامی ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ٹیم اسپرٹ نے رواں برس ریاض ماسٹرز اور ڈریم لیگ سیزن 21 کے ٹائٹل بھی اپنے نام کئے ۔۔ یہی کامیابیاں ٹیم اسپرٹ کو دنیا بھر میں ڈوٹا 2 کی سب سے کامیاب ٹیم بناتی ہیں۔۔