اہم ترین

صدر مملکت اور الیکشن کمیشن 8 فروری کو عام انتخابات کرانے پر متفق

سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ایوان صدر اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔جس میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی موجود تھے۔

https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1720109072576594061

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر نے اتفاق کیا کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات 8 فروری کو کرائے جائیں گے۔

پیش رفت کا سیاق و سباق

جمعرات کی صبح چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی فاضل بینچ نے 90 روز میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی تھی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت کو بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک میں 8 فروری کو عام انتخابات کرانے پر غور کررہا ہے۔۔

عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن آج ہی صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کرکے کہ آئندہ عام انتخابات کی تاریخ طے کرے۔اس عمل میں اٹارنی جنرل معاونت کریں۔

عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط لکھا گیا جس میں 11 فروری کی تاریخ تجویز کی گئی۔۔

آئینی طریقہ کار کے تحت صدر مملکت اور چیف الیکشن کمینش کی ملاقات طے ہوئی ۔ ملاقات کے دوران الیکشن کمیشن نے 28 جنوری، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی تھی تاہم اتفاق 8 فروری پر ہوا۔

پاکستان