اہم ترین

بابر اعظم قومی ٹیم کی کپتانی سے دستبردار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ تمام فارمیٹس میں کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلتے رہیں گے۔۔

بدھ کو بابر اعظم نے لاہور میں پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف سمیت دیگر اعلٰی حکام سے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران پی سی بی حکام نے بابر اعظم کو پیشی کی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوجائیں۔ صرف ٹیسٹ فارمیٹ کی قیادت کریں۔ جسے بابر اعظم نے مسترد کردیا۔۔

ملاقات کے بعد بابر اعظم نے ایکس (سابق ٹوئٹر ) پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے دور میں قومی ٹیم کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے قیادت سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں 2019 کا وہ وقت اب بھی یاد ہے جب پی سی بی نے انہیں قیادت سنبھالنے کی پیشکش کی تھی۔۔ ان چار برسوں میں انہوں نے عروج اور زوال کے کئی دور دیکھے۔ اس دوران کھلاڑیوں، کوچز اور پی سی بی کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان ون ڈے فارمیٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بھی بنی۔

بابر اعظم نے کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں۔ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے مگر مجھے ایسا لگتا ہے کہ اس کا صحیح وقت ہے۔۔ میں بطور کھلاڑی تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔ اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کی مدد کے لیے موجود ہوں۔۔

پاکستان