اہم ترین

آصفہ کو مناؤں گا کہ وہ چترال کی نشست سے الیکشن لڑیں

پاکستان پیپلز پارتی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ لوگ چاہتے ہیں کہ آصفہ بھٹو زرداری چترال سے الیکشن لڑیں تو میں پوچھوں گا، اس کو مناؤں گا کہ وہ چترال کی نشست سے الیکشن لڑیں۔

چترال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا چترال ان کا دوسرا گھر نہیں گھر ہے۔ یہاں کے عوام چاہتے ہیں کہ آصفہ بھٹو زرداری یہاں سے قومی اسمبلی کی نشت پر الیکشن لڑیں۔ میں اسے مناؤں گا کہ وہ چترال کی نشست سے الیکشن لڑیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے اعتراض پرانے سیاستدانوں پر نہیں بلکہ ان کی 70 سال پرانی سیاست پر ہے، اس سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔ یہ حکومت بنا کر اپنی ذاتی دشمنیاں پوری کرنا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ اقتدار میں آکر انتقامی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ پرانے سیاستداں کتنا کام کر سکیں گے؟ یہ آنے والے کل کی نہیں سوچتے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ پرانے سیاستدانوں سے جان چھڑائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وعدوں اور نعروں پر نہیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہا ہوں، سندھ میں ہمارے کاموں کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہا ہوں، سندھ میں ہم نے ہر ضلع میں عالمی معیار کا اسپتال بنایا ہے، دل کے علاج کے لیے قائم اسپتالوں میں مفت علاج ہوتا ہے۔

پاکستان