اہم ترین

حماس اسرائیل معاہدے پر عمل درآمد میں مزید ایک روز کی تاخیر

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا ہےکہ عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی جمعہ تک نہیں ہو گی۔

اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معاہدے پر عمل درآمد میں تاخیر ہو رہی ہے،قیدیوں کو جمعے کے روز تک رہا نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسیروں کی رہائی پر بات چیت ہمیشہ جاری رہتی ہے۔ معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی متفقہ شرائط پر منصوبہ بندی کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ لیکن یہ کب ہوگا اس تعین ابھی باقی ہے۔

اسرائیلی حکومت نے معاہدے پر عمل درآمد میں تاخیر کی کوئی توجیہ یا وضاحت نہیں کی۔ تاہم اسرائیلی میڈیا میں کہا جارہا ہے کہ ابھی معاہدے پر عمل درآمد سے قبل بھی فریقین میں کچھ باتوں پر اتفاق ہونا باقی ہے۔

گزشتہ روز اسرائیلی کابینہ نے قطر اور امریکا کی ثالثی میں حماس سے عارضی جنگ بندی معاہدے کی توثیق کی تھی۔

دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کے مطابق حماس 50 اسرائیلی یرغمالیوں کو چھوڑے گا ۔ اس کے بدلے اسرائیل 150 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا اور غزہ میں 4 روز تک کوئی فوجی کارروائی نہیں ہوگی ۔

معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے میں پہلی ترجیح خواتین اور بچے ہوں گے۔ اس کے علاوہ حماس کی جانب سے 10 یرغمالی چھوڑے جانے پر ایک روز فوجی کارروائی نہیں ہوگی۔

پاکستان