اہم ترین

سیاست میں جھوٹ نہیں بولتا، نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ سیاست میں جھوٹ نہیں بولتا، اب کوئی لالچ نہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے بہت کچھ عطاء فرمایا ہے۔

مری میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ حقوق اللّٰہ معاف ہو سکتے ہیں، حقوق العباد نہیں۔ ہنستے بستے ملک کو ہم نے خود اجاڑا ہے، اپنے ہاتھوں سے اجاڑا ہے، ہم سبق نہیں سیکھتے، اللّٰہ کرے کہ ہم اپنی اصلاح کریں، غلطیوں سے سیکھ کر مستقبل ٹھیک کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لیے 5 ارب ڈالر کی پیش کش کی، جس کو ٹھکرا دیا، میں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا، 3 مرتبہ ملک کا وزیرِ اعظم بنا، اب کوئی لالچ نہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے بہت کچھ عطاء فرمایا ہے۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھانے کے بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے قلیل مدت میں بجلی کے متعدد منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ ڈالر104، روٹی 4 روپے اور سبزی 10روپے کلو تھی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے اور مریم کو اس لیے جیل میں رکھا گیا کیونکہ انتخابات میں دھاندلی کرکے اسے الیکشن جتوانا اور پاور میں لانا مقصود تھا۔

نواز شریف کا کنا تھا کہ ملک میں کوئلے کے بڑے ذخائر ہیں، ہمارے دور میں پہلی بار کوئلے پر کام شروع ہوا، اور ہم نے وہاں سے بجلی پیدا کی، اب بھی اس کوئلے سے ہزاروں لاکھوں میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے۔ہمارے دور کی ترقی کی رفتار ایسے ہی جاری رہتی تو اندازہ کریں آج ملک کہاں ہوتا۔

پاکستان