اہم ترین

اسرائیل کو جنگ بندی ہضم نہ ہوپائی، غزہ پر دوبارہ حملے شروع کردیئے

گزشتہ سات روز کی جنگ بندی کے بعد اسرائیل نے حماس پر بے بنیاد الزام لگاکر غزہ میں ایک بار پھر بمباری شروع کردی ہے۔ جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

حماس کی جانب سے گزشتہ سات روز سے جاری جنگ بندی میں توسیع کے عندیے کے باوجود اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جمعے کو اسرائیل نے حماس پر سات روزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے اسرائیلی علاقے پر فائرنگ کی۔

اسرائیلی افواج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے اسرائیل پر راکٹ داغے گئے ہیں۔ حماس کی جانب سے یہ اقدام فائر بندی کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔ اس لئے غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائی بحال کردی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز غزہ میں توپوں اور ٹینکوں سے بمباری کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فضائی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 109 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

قطر اور امریکا کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان چار روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔ جس کے بعد پہلے اس میں دو روز اور پھر ایک دن کی توسیع ہوئی تھی۔۔

جنگ بندی کے دوران دونوں جانب سے قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس دوران غزہ میں تو سکون تھا لیکن مغربی کنارے پر اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں ۔ صرف جمعرات کو 6 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

پاکستان