بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کی ہٹ فرنچائز ویلکم کی نئی فلم ویلکم ٹو دی جنگل کا باضابطہ اعلان رواں برس 9 ستمبر کو ان کی سالگرہ پر کیا گیا تھا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی ویلکم ٹو دی جنگل سرخیوں میں آگئی تھی کیونکہ اس میں صرف ایک نہیں بلکہ 24 اداکار ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں۔
اس فلم میں اکشے کمار، سنجے دت، سنیل شیٹی، ارشد وارثی، پاریش راول، جانی لیور، راجپال یادیو، تشار کپور، شریاس تلپڑے، کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، دلیر مہندی، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، جیکولین فرنینڈس، دیشا پٹانی اور چائلڈ آرٹسٹ ورہی کودوارا مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
مزاحیہ ڈرامہ فلم ویلکم ٹو دی جنگل کرسمس 2024 یعنی 20 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔ فلم کی شوٹنگ رواں ماہ ہی سے شروع ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شوٹنگ کے آغاز میں اکشے کمار کے علاوہ دیگر تمام 23 اداکار بھی موجود ہوں گے۔
ویلکم ٹو دی جنگل کو احمد خان نے ڈائریکٹ کیا ہے اور فیروز ناڈیاڈوالا نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس فلم کے علاوہ تجربہ کار پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا ہیرا پھیری 3 بھی بنا رہے ہیں جس میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول شامل ہیں۔