اہم ترین

عمران خان اور اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح کیس قابلِ سماعت قرار

اسلام آباد کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس قابل سماعت قرار دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جج قدرت اللّٰہ نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت سول جج قدرت اللّٰہ نے کہا کہ آپ خاور مانیکا کا بیان دیکھ لیں، کچھ بھی نہیں بیان میں۔

سول جج نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے نزدیک شرائط پوری ہونا ضروری ہیں ۔جنہیں ہم تبدیل نہیں کر سکتے، قانون کے مطابق ایسے معاملے پر شکایت کنندہ کے ساتھ 2 گواہ ہونا ضروری ہیں۔ خاور مانیکا کو آدھا شکایت کنندہ اور آدھا گواہ تو نہیں بنا سکتے نا۔

خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ گھر میں خاتون ملازمہ بھی تھی، ٹرائل میں بطور گواہ شامل ہو سکتی ہیں۔

عدالت نے کیس قابل سماعت قرار دیتے ہوئے مزید سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

پاکستان