اہم ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج بڑی کمی کا امکان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی قدر میں استحکام کے باعث آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 10 روپے فی لیٹر تک کم ہونے کا امکان ہے۔

خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی تجارت سے منسلک ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی منڈی میں ڈیزل سستا ہوکر 95.50 ڈالر جبکہ پیٹرول 81.7 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی 283 اور 284 روپے کے درمیان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں ان مصنوعات کی قیمتیں 13 سے 18 روپے فی لیٹر کم ہونی چاہئیں تاہم حکومت کی جانب سے محصولات میں اضافے کے لیے لیوی کی حد بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

اس صورت حال میں ڈیزل کی قیمت 12 روپے ، پیٹرول 10 روپے فی لیٹر جب کہ مٹی کا تیل 7 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 30 نومبر کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا لیکن حکومت نے پیٹرول کی قیمت 281.34 روپے فی لیٹر برقرار رکھنے جب کہ ڈیزل کے دام 7 روپے سستا کرکے 289.79فی لیٹر کردیئے تھے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کے لیے سمری بھجوادی ہے تاہم حتمی فیصلہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ وزارت خزانہ کی سفارش پر کریں گے۔

پاکستان