اہم ترین

فحاشی، دہشتگردی پھیلانے والے لاکھوں بھارتی ٹوئٹر اکاؤنٹس پر پابندی

دنیا کی سب سے بڑی مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) نے لاکھوں بھارتیوں کے ایکس اکاؤنٹس پر پابندیاں لگادیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایکس نے 26 اکتوبر سے 25 نومبر کے درمیان 3 لاکھ 33 ہزار 36 اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی ہے۔ ان اکاونٹس پر بچوں سے غیر انسانی سلوک و استحصالی مواد اور فحاشی و عریانیت پھیلانے کی وجہ سے پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ 2 ہزار 233 اکاؤنٹس کو دہشت ردی اور انتہا پسندی کے فروغ میں ملوث ہونے کی وجہ سے بھی بند کیا گیا ہے۔ اس طرح رپورٹ شدہ مدت کے دوران بند اکاؤنٹس کی کل تعداد 3 لاکھ 35 ہزار 269 ہوگئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتیوں کے لاکھوں ایکس اکاؤنٹس 2021 میں بنائے گئے آئی ٹی قواعد پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بند کئے گئے ہیں۔

اتنی بڑی تعداد میں بھارتیوں کے ایکس اکاؤنٹس کی بندش کا واقعہ پہلا نہیں۔ 26 اگست سے 25 ستمبر کے درمیان دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزام میں 5 لاکھ 57 ہزار 764 اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ ایک ہزار 675 اکاؤنٹس کو ختم کردیا گیا تھا۔

اسی طرح 26 ستمبر سے 25 اکتوبر تک بھارت میں 2 لاکھ 34 ہزار 584 اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی تھی جب کہ 2,755 کو دہشت گردی کو فروغ دینے کی وجہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔

پاکستان