اہم ترین

انتخابی جنگ شروع؛ کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر کاغذات نامزدگی حاصل اور وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔۔

ملک میں آئندہ برس 8 فروری کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ جس کے لئے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانا شروع کردیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 22 دسمبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہو گی۔
امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہو گی، کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کے خلاف 3 جنوری 2024 تک اپیلیں دائر کی جاسکتی ہیں۔ 10 جنوری تک درخواستوں پر فیصلے سنادیئے جائیں گے۔

11 جنوری کو امیدواروں کی نظر ثانی فہرستیں جاری کی جائیں گی جبکہ 12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیئے جائیں گے اور آٹھ فروری کو ملک بھر میں پولنگ ہو گی۔

پاکستان